ایران سے واپس آنے والے زائرین کے لئے ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں ملک کا سب سے بڑا قرنطینہ سینٹر قائم وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

 
0
392

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (ٹی این ایس) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایران سے گھروں کو واپس لوٹنے والے زائرین کو مخصوص عرصہ تک آئسولیش میں رکھنے کے لئے ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میںملک کا سب سے بڑا قرنطینہ سینٹر قائم کر دیا ہے۔جمعہ کو اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم کیا گیا یہ قرنطینہ سینٹر تین ہزار کمروں پر مشتمل ہے، ایران سے لوٹنے والے 1247 زائرین کو اس قرنطینہ سینٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام زائرین کو الگ الگ کمروں میں رکھا گیا ہے،اس قرنطینہ سینٹر کے ہر کمرے میں ہر فرد کو الگ چارپائی ،بستر، چپل، صابن اور دیگر ضروری اشیاء مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قرنطینہ سینٹر میں موجود زائرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے پچاس بیڈ پر مشتمل ایک ایمرجنسی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے جس میں ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ ہمہ وقت موجود ہے جبکہ ضروری ادویات و دیگر طبی سہولیات کا بھی مناسب بندوبست یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس سلسلے میں کمشنر وڈپٹی کمشنر ملتان سمیت ملتان کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ لمحہ بہ لمحہ رابطے میں ہوں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے عدم پھیلاو¿ کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات اور حفاظتی اقدامات پر عمل کریں تاکہ ہم اس کٹھن صورت حال سے کامیابی کے ساتھ نبرد آزما ہو سکیں۔