لاہورجولا ئی21 ( ٹی این ایس ) وزیر اعظم نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے ائیر لیگ نے ریلی نکالی جبکہ مسلم لیگ (ن) صوبائی سیکرٹریٹ اور کلچر ونگ پنجاب نے بھی مظاہرہ کیا ، شرکاء کی جانب سے نواز شریف کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی گئی ۔ گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے ایئر لیگ نے لاہور ایئرپورٹ پر ریلی نکالی، ریلی کے شرکا نے میاں نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کیخلاف فیصلہ آنے پر فلائٹ آپریشن بند کردیں گے اور جہازوں کے آگے لیٹ جائیں گے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ(ن ) صوبائی سیکرٹریٹ اور کلچرل ونگ کے زیر اہتمام بھی وزیر اعظم نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا گیا ۔ اس موقع پر (ن) لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی ترقی کو روکنے کے لئے نواز شریف کو عہدے سے ہٹانا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ نواز شریف عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر وزیر اعظم بنے ہیں اور وہ کسی کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دیں گے اور ہم ملکی ترقی کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے ’’ میاں تیرا ایک اشارہ حاضر حاضر لہو ہمارا ‘‘ کے نعرے بھی لگائے گئے ۔