کورونا کے باعث پاکستانی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، بہتر حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملی، صدر عارف علوی

 
0
315

اسلام آباد اپریل 16 (ٹی این ایس): تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے راشن تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نےاحساس پروگرام شروع کیا ،1 کروڑ 20لاکھ لوگ مستفید ہوں گے ، ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کو 12ہزار روپے پروگرام سے مل رہے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اس ملک کو چوری اور بے ایمانی کے ذریعے دیمک کی طرح کھایا گیا، ہماری قوم بہت کم ادوار میں کئی مشکلات کا سامنا کرچکی ہے، پڑوسی ممالک کے لوگوں کو بھی ہم نے دل کھول کر جگہ دی، افغان جنگ کے دوران 40لاکھ افغان باشندے پاکستان آئے۔

عارف علوی نے کہا کہ کوئی شک نہیں لاک ڈاؤن سے معیشت ، روزگار پر اثرات پڑے ہیں ، ترقی یافتہ ممالک نے کورونا سے نمٹنے کیلئے اربوں کے فنڈ رکھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک خیال تھا اس سے پاکستان میں ابتک کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پاکستانی قوم آزمائشوں سے نکلتی جارہی ہے ، کورونا کے باعث پاکستانی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ بہتر حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملی ، درخواست ہے کہ مخیر حضرات خیرات کا سلسلہ جاری رکھیں ، کورونا سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہیں۔