کورونا وائرس: ملک بھر میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8418 ہو گئی، 1,970 افراد صحتیاب

 
0
444

اسلام آباد اپریل 20 (ٹی این ایس): ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 8418 ہوگئی ہے جب کہ مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 425 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد پاکستان میں کورونا سےمتاثرہ افراد کی تعداد 8418 ہوگئی ہے جب کہ 1970 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں بھی آج کورونا وائرس سے متاثرہ ایک شخص انتقال کر گیا جب کہ 10 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 181 ہے۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا وائرس سے متاثرہ ایک شخص دم توڑ گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 42 ہو گئی جب کہ مریضوں کی کل تعداد 3721 ہے۔ واضح رہے کہ کل پنجاب حکومت نے صوبے میں مریضوں کی تعداد 3822 بتائی تھی تاہم رات گئے اسے کم کرکے 3721 کر دیا گیا۔

سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان سینیٹر مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں آج مزید 1600 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 227 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2767 ہو گئی ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں 2573 متاثرین اور 56 افراد جاں بحق ہوئے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں آج 98 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ مزید 7 متاثرہ افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 67 تک پہنچ گئی۔

خیبرپختونخوا میں اب تک1235 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں اتوار کو مزید 56 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 432 ہوگئی۔

واضح رہےکہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 142 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں اتوار کو مزید 6 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 263 ہو گئی جب کہ اب تک 194 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 66 رہ گئی ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی اتوار کو ایک شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 49 ہوگئی۔