ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد تیزی سے صحت یاب ہونے لگے، عوام کو ملا سکون کا سانس

 
0
266

اسلام آباد اپریل 20 (ٹی این ایس): کورونا وائرس سے متاثرہ افراد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اب تک ایک ہزار نو سو سے زائد افراد مہلک وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔

عالمی وبا کورونا وائرس نے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں متعدد افراد کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، حکومتی اعداد و شمار کے مطابق مہلک وبا سے اب تک ایک ہزار نو سو سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

چوبیس گھنٹوں کے دوران سات ہزار آٹھ سو سے زائد افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، جس کی مجموعی طور پر تعداد اٹھانوے ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس سے متاثرہ افراد سب سے زیادہ صوبہ پنجاب میں صحت یاب ہوئے ہیں۔ یہ تعداد صوبے میںسات سو دو تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں چھ سو پچیس، خیبرپختونخوا میں دو سو سڑسٹھ، گلگت بلتستان میں ایک سو ترانوے، بلوچستان میں ایک سو باون، اسلام آباد میں بیس اور آزاد کشمیر میں اب تک دس افراد وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔۔

ملک میں جس طرح یہ وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اس سے بچاؤ احتیاطی تدابیر اور احکامات پر عمل سے ہی ممکن ہے، اپنے اور اپنے پیاروں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے گھروں میں محدود رہنا وقت کی ضرورت ہے۔