متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا

 
0
203

کراچی 10 جون 2020 (ٹی این ایس): کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے صحت کا بجٹ دوگنا کرنے کا مطالبہ کردیا اور اسپتال کے نظام پر تحفاظت کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم نے صحت کا بجٹ دگنا کرنے کے علاوہ وفاقی وصوبائی حکومتوں سے سستے علاج کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے، ایم کیو ایم ارکان قومی اسمبلی نے نجی اسپتالوں میں علاج کے نام پرلوٹ مار کی مذمت کی اور اسے فوری روکنے پر روز دیا۔

ایم کیو ایم ارکان کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں علاج نہ ہونے پر عوام ٹھوکریں کھارہی ہے، نجی سپتالوں میں مہنگے ترین علاج کے باعث عوام بے بس ہے، اسپتالوں میں حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ 18ویں ترمیم کے بعد سرکاری اسپتالوں کا نظم ونسق صوبائی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت موروثی سیاست کے سبب صحت کے مسائل پر ناکام ہوئی، نجی اسپتال کورونا کے خاتمے کیلئے سستا علاج میسر کریں۔

ایم کیوایم کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کو سرکاری اسپتالوں میں صحت کی بہتر سہولتیں دی جائیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کورونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن چکا ہے، اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 83 اموات ہوئیں۔