اسلام آباد 19 جون 2020 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد مختلف ممالک میں پاکستان کے نئے سفیروں کی تعیناتیاں کردیں گئیں، جس کے بعد نئے سفیروں کی تعیناتی سے متعلق ایگریما کے لیے متعلقہ ممالک کو خطوط لکھ دیے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے مختلف ممالک میں پاکستان کے نئے سفیروں کی تعیناتی کی سمری کی منظوری دے دی، ذرائع کا کہنا ہے کہ آفتاب کھوکھر آسٹریا ، ایڈیشنل سیکریٹری ایشیا ڈاکٹر ظہور احمد سوئیڈن،معین الحق چین میں پاکستان کے نئے سفیر ہوں گے۔
آفتاب کھوکھر اس وقت دفتر خارجہ میں ایڈیشنل سیکریٹری امریکہ کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق منصورخان افغانستان، شوزب عباس ایتھوپیا، ساجب بلال مصر اور بلال حائی کو باکو میں پاکستان کا نیا سفیر تعینات کیا گیا ہے جبکہ مراد اشرف کو نیوزی لینڈ اور اسپیشل سیکریٹری معظم احمد خان کو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زاہد نصراللہ خان کو کمبوڈیا میں پاکستان کا سفیر لگائے جانے کا امکان ہے، دفتر خارجہ نے نئے سفیروں کی تعیناتی سے متعلق ایگریما کے لیے متعلقہ ممالک کو خطوط لکھ دیے ہیں۔