لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں رحمان عزیز بزنس کوآرڈینیٹر نامزد

 
0
397

اسلام آباد 07 فروری 2022 (ٹی این ایس): لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن کو وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے اعزازی بزنس کوآرڈینیٹر نامزد کر دیا گیا۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے آفس سے ٹریڈ باڈیز کے نمائندے کو فیصلہ سازی میں شامل کیا گیا ہے ۔

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر ہیں ، سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن اور پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سابق ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز بھی ہیں۔

ان کا تعلق ایک صنعتی گھرانے سے ہے اور وہ ایک کارپوریٹ لیگل پریکٹیشنر بھی ہے جو قانون کے مختلف شعبوں میں وسیع مہارت رکھتے ہیں ۔ انہیں نہ صرف قانونی چارہ جوئی کا گہرا تجربہ ہے بلکہ وہ ٹیکس کے معاملات کے ماہر بھی ہیں۔

وہ لندن یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اکیڈمی آف انٹرنیشنل بزنس آفیشلز، بیجنگ چائنا اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور جیسے کچھ ممتاز تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہیں۔

اس موقع پر میاں رحمان عزیز چن نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے سے ٹیکس دہندگان کو فائدہ ہوگا۔

ان کے مسائل حل ہو جائیں گے اور جبر، تاجروں کو ہراساں کرنے، کاروباری افراد کو نشانہ بنانے اور صوابدید پر عمل کرنے کے عمل کو مؤثر طریقے سے کم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نامزدگی سے ٹیکس دہندگان کی وفاقی ٹیکس محتسب تک رسائی بہتر اور موثر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ملک کے کاروباری ماحول کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔

میاں رحمٰن عزیز چن نے کہا کہ ایف ٹی او کا قیام کسی بھی شخص کی بدعنوانی یا ٹیکس ملازمین کی بدانتظامی سے پیدا ہونے والی شکایات کا فوری اور مفت ازالہ فراہم کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان جو من مانی اور امتیازی رویے، تاخیر، نااہلی، بار بار نوٹس، غیر ضروری کالز اور طویل سماعتوں کا سامنا کر رہے ہیں انہیں اب ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے غیر قانونی طریقوں سے متعلق معاملات کو بھی حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس حکام کی جانب سے پریشان ٹیکس دہندگان کو بھی ریلیف ملے گا۔