این ڈی ایم اے نے 150ملین روپے کا طبی سامان فراہم کردیا، معاون خصوصی عثمان ڈار کا اظہار تشکر

 
0
376

اسلام آباد 02 جولائی 2020 (ٹی این ایس): نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے سیالکوٹ کیلئے 150ملین روپے کا طبی سامان فراہم کردیا گیا، جس پر معاون خصوصی عثمان ڈار نے اظہار تشکر کیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے ملک بھر میں حفاظتی سامان کی ترسیل کاکام جاری ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے سیالکوٹ کیلئے 150ملین روپے کا طبی سامان فراہم کیا، طبی سامان میں 5ہزار ٹیسٹنگ کٹس، 20وینٹی لیٹرز اور دیگر ضروری آلات شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے نے طبی سامان کی منتقلی کا عمل چند گھنٹے میں مکمل کرلیا، جس پر معاون خصوصی عثمان ڈار نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر عثمان ڈار نے کہا کہ سیالکوٹ میں تاجربرادری کے تعاون سے ٹیسٹنگ لیب قائم کرچکے ہیں، این ڈی ایم اے کے تعاون سے طبی شعبے کی صلاحیت میں بھرپور اضافہ ہو گا۔

ماضی میں سیالکوٹ کو صحت کے شعبےکو بری طرح نظر انداز کیا گیا، خواجہ آصف علامہ اقبال ٹیچنگ اسپتال کوایک وینٹی لیٹر تک نہیں دے سکے، اسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں، 125 ہائی فلوآکسیجن بیڈز اسپتالوں میں پہنچا دئیےگئے ہیں۔

یاد رہے سیالکوٹ کے مخیر حضرات نے اپنی مدد آپ کے تحت جدید ترین سہولیات حاصل کی تھیں اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے 125 ہائی فلو آکسیجن بیڈز کا انتظام کیا جبکہ مخیر حضرات کے تعاون سے 3 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین ٹیسٹنگ لیب بھی قائم کی گئی۔

معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا تھا کہ سیالکوٹ کے عوام نے نا قابل یقین کارنامہ سر انجام دیا ہے، مخیر حضرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی وجہ سے یہ سب ممکن ہوا، آئندہ چند دنوں میں 75 آکسیجن بیڈز مزید حاصل کر لیں گے۔