پارک لین ریفرنس: آصف زرداری پر 6 جولائی کو ہر صورت فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا

 
0
230

اسلام آباد 04 جولائی 2020 (ٹی این ایس): احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری پر 6 جولائی کو ہر صورت فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا، سابق صدر کے خلاف فرد جرم کی کارروائی ویڈیو لنک کے ذریعے ہوگی۔

جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل سے منسلک پارک لین ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے چھ جولائی کو آصف زرداری پر ہر صورت فردجرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا طبیعت خراب ہونے پرگھر یا اسپتال سے ویڈیو لنک پر فرد جرم کی جائے گی ۔

رجسٹرار احتساب عدالت نے نیب کراچی کوانتظامات مکمل کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری کی خراب صحت پر بھی ان کے گھر یا اسپتال میں حاضری یقینی بنائی جائے۔

خط میں کہاگیاہے کہ انور مجیداور دیگرملزمان کی شناخت کیلئےنیب اپنےنمائندے مقرر کرے، چھ جولائی کوصبح ساڑھے نو بجے ملزمان پر فردجرم عائد کی جائے گی۔

یاد رہے 26 جون کو احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری پر جعلی بینک اکاﺅنٹس کے پارک لین ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے چھ جولائی کی تاریخ مقررکی تھی اور نیب حکام کو ویڈیو لنک کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔

خیال رہے ریفرنس میں آصف زرداری،اسلم مسعود، عبدالغنی مجید، انور مجید اور دیگر ملزم نامزد ہیں، ملزمان پر پارک لین کی کمپنی کے نام پر نیشنل بینک سے ڈھای ارب سے زیادہ کے قرض غبن کا الزام ہے جبکہ آصف زرداری کوپارک لین کا25فیصد شئیر ہولڈر ہونے پر ملزم نامزد کیا گیا تھا۔