پنجاب حکومت کا غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کا فیصلہ

 
0
282

لاہور 15 جولائی 2020 (ٹی این ایس): غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت اور ان کے معاملات کی مستقل نگرانی کے لئے کابینہ کمیٹی کی تشکیل پر غور ہونے لگا، حتمی فیصلہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سربراہ کی جانب سے دی جانے والی پریزینٹیشن کے بعد کیا جائے گا۔ حتمی فیصلہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سربراہ کی بریفنگ پر ہوگا۔

ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کمپنیوں، مالیاتی اداروں اور شخصیات کا رجحان بھی پنجاب کی جانب بڑھ سکے ۔

اس حوالے سے ’کابینہ کمیٹی برائے فسیلی ٹیشن آف فارن انویسٹمنٹ کی تشکیل کی تجویز سامنے آئی ہے جس پرصوبائی حکومت نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سمیت دیگر اہم اداروں سے معاملہ کو زیر بحث لاتے ہوئے تجاویز حاصل کرنے کا سلسلہ شرو ع کر رکھا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی اینڈ ڈی حامد یعقوب شیخ نے قرار دیاہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں ایک صوبائی ورکنگ گروپ پہلے سے موجود ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کی غرض سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دستیاب سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر حوالوں سے معاملات کی نگرانی کرتا ہے۔

لہذا ضروری ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت اور معاملات کی نگرانی کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کی تشکیل سے قبل پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر( سی ای او) سے تفصیلی پریذینٹیشن لے لی جائے اور حتمی فیصلہ اس پریذینٹیشن کی روشنی میں کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر حکام نے اس معاملے پر اتفاق کیا ہے ۔