کرپشن شریف خاندان کا ٹریڈ مارک بن چکا ہے اس لئے اب وہ قوم کی جان چھوڑ دے، سعید غنی

 
0
380

کراچی جولائی22(ٹی این ایس )پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے شہباز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن شریف خاندان کا ٹریڈ مارک بن چکا ہے اس لئے اب وہ قوم کی جان چھوڑ دے۔ تین نسلوں کے حساب کی گھسی پٹی راگنی قوم کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتی۔ سعید غنی نے کہا کہ شریف خاندان نے 31سالہ دور اقتدار کے دوران کرپشن کے نئے انداز متعارف کرائے اور لوٹ مار کی کمائی کے ذریعے اپنے اقتدار کو مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹوپیاں بدلنے سے کوئی لیڈر نہیں بلکہ جوکر بنتا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے اس قدر کرپشن کی ہے کہ کیکولیٹر بھی جواب دے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عجیب بات ہے کہ کاروبار میں خسارا ہوتا رہا لیکن ان کی گود میں پلنے والے بچے اربوں ڈالروں کے مالک بنتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)دوسروں پر کرپشن کے جھوٹے الزامات لگا کر خود قومی خزانے پر ڈاکے مارتی رہی ہے۔ سعید غنی نے نواز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ اور ان کا خاندان اقتدار سے الگ ہو جائے۔