سول ایوی ایشن کا اہم قدم، کورونا وائرس کے پیشِ نظر تمام پروازوں کے لیے ایس او پیز جاری

 
0
219

اسلام آباد 20 اگست 2020 (ٹی این ایس): سول ایوی ایشن نے اندورن و بیرون ملک پروازوں کیلئے کورونا سے متعلق نئی ایس او پیز جاری کردی، جس کے تحت طیاروں میں مسافروں کو سماجی فاصلے کے مطابق سیٹ چھوڑ کر بٹھایا جائے گا۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے اندرون و بیرون ملک پروازوں پر کورونا سے متعلق جاری کردہ نئی ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایس او پیز کا اطلاق چارٹرڈ پروازوں سمیت تمام پرائیویٹ طیاروں پر ہوگا، اور ملکی آپریشنل ایئرپورٹس منیجرز نئی ایس او پیز پر عملدرآمد کے ذمہدار قرار پائے ہیں۔

مسافروں کےلئے ہرقسم کے پروٹوکول پر پابندی برقرار ہوگی اور مسافروں کو صرف روانگی لاونج کے سامنے ڈراپ کیا جاسکے گا۔

جاری کردہ ایس او پیز کے تحت پرواز کی روانگی سے پہلے طیاروں میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا اور فضائی میزبان پی پی ای کٹس، ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کریں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مسافروں کی مکمل فہرست ایئرپورٹس مینجرز کو فراہم کرنا لازم ہوگا اور طیارے میں داخلے سے پہلے محکمہ صحت اہلکار ٹیسٹ اور انٹرویو کریں گے، مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلیئریشن فارم پر کرانا متعلقہ ایئرلائن کی ذمہ داری ہوگی۔

ایس او پیز کے تحت طیاروں میں مسافروں کو سماجی فاصلے کے مطابق سیٹ چھوڑ کر بٹھایا جائیگا اور مسافروں کے ماسوائے کھانے کے سرجیکل ماسک تمام وقت کےلیے لازم ہوگا۔