کویتی عوام کو مل گیا سکھ کا سانس، کورونا وائرس سے متعلق خوشخبری آگئی

 
0
224

کویت 31 اگست 2020 (ٹی این ایس): کویت میں 3 ماہ سے جاری جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا، جزوی لاک ڈاؤن 28 مئی کو نافذ کیا گیا تھا۔

کویت حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے 28 مئی سے شام 6 سے صبح 6 بجے تک کا جزوی کرفیو نافذ کیا تھا جسے اب ختم کردیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت صحت نے صورتحال بہتر ہونے کی نوید دیتے ہوئے کرفیو کے خاتمے کا اعلان کیا۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس عرصے میں اپنے ہم وطنوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اداروں اور افراد نے بہت قربانیاں دی ہیں، اب ہم ان قربانیوں کا صلہ دیکھنے جارہے ہیں۔

کویت نے اس سے قبل 20 اپریل سے ملک بھر میں 16 گھنٹے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں اس کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا تھا البتہ اس دوران شام 4 سے رات 8 بجے تک چند محکموں اور اداروں کو کام کرنے کی اجازت تھی۔

فی الوقت کویت میں کرونا وائرس کے 84 ہزار 636 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 76 ہزار 650 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کویت میں کرونا وائرس سے 530 اموات ہوچکی ہیں۔