وزیراعلیٰ سندھ کی صدارت میں سندھ کابینہ کا اجلاس ،قومی احتساب بل میں ترمیم کی منظوری ددے دی گئی

 
0
385

کراچی جولائی22(ٹی این ایس ):سندھ کابینہ نے ہفتہ کو تفصیلی غور و غوض کے بعد کئی اہم فیصلوں کی منظوری دیدی ہے جن میں سندھ اکاؤنٹبلیٹی ایجنسی،ملازمتوں سے برطرفی سے متعلق آرڈیننس کی تنسیخ، سرکاری ملازمتوں میں معذوروں کے کوٹے میں اضافے اور کیپٹیو پاور پلانٹس کو سبسڈی دینے سے متعلق بلز شامل ہیں۔کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہفتہ کو سرکاری تعطیل والے روز سندھ سکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔کابینہ نے سندھ اسمبلی کی جانب سے منظور کردہ سندھ اکاؤنٹبلیٹیی ایکٹ 2017ء پر گورنر سندھ کی رائے کا جائزہ لیا،گورنر سندھ نے اس ایکٹ کے حوالے سے بعض آئینی نکات اٹھاتے ہوئے اسے مسترد کرتے ہوئے دوبارہ غور کے لئے اسمبلی کو بھجوادیا تھا۔سندھ کابینہ نے گورنر کی آبزرویشن پر غورو غوض کے بعد متفقہ طور پر ڈرافٹ بل کی منظوری اور اسے سندھ اسمبلی کے پاس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

سندھ اکاؤنٹبلیٹی ایکٹ 2017ء ایسے تمام سرکاری عہدیداروں پر لاگو ہوگا جن کی ملازمت اور سرکاری وظائف صوبے میں حکومتی فنڈز سے متعلق ہوں گے۔سندھ اکاؤنٹبلیٹی ایجنسی کی سربراہی اس کے چیئر پرسن کے پاس ہوگی۔اکاؤنٹبلیٹی کمیشن میں اس کے چیئرمین کے ساتھ ساتھ اسی ادارے کے ایڈووکیٹ جنرل، پراسیکیوٹر جنرل، ڈائریکٹر جنرل شامل ہوں گے۔کمیشن بدعنوانی سے متعلق معاملات کی تفتیش اور اس حوالے سے پیش رفت کا ذمہ دار ہوگا۔کمیشن کا سربراہ سندھ ہائی کورٹ کا کوئی جج یا اس کے مساوی اہلیت کا حامل گریڈ 21 کا ایساسول سرونٹ ہوگا جسکی شہرت بہت اچھی ہو۔سندھ کابینہ نے قومی احتساب آرڈی ننس 1999 کی سندھ میں منسوخی کے بل میں دوبارہ ترمیم کرنے اور اسے دوبارہ سندھ اسمبلی سے منظور کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ کابینہ نے قومی احتساب آرڈی ننس 1999 ء کو سندھ میں منسوخ کرنے کے بل میں ترمیم کرنے اور اسے سندھ اسمبلی سے دوبارہ منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ۔ اجلاس میں گورنر سندھ کی اس سمری پر غور کیا گیا ، جس میں گورنر نے قومی احتساب آرڈی ننس 1999ء4 کو منسوخ کرنے کے لیے سندھ اسمبلی کے منظور کردہ بل پر اعتراضات لگا کر واپس کر دیا تھا۔

سندھ کابینہ نے گورنر سندھ کی آبزرویشن کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بل میں ترمیم کرنے اور اسے دوبارہ سندھ اسمبلی سے منظور کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ کابینہ کو یہ بتایا گیا کہ یہ قومی احتساب آرڈی ننس 1999 ء4 ایک آمر نے ایمرجنسی کے تحت نافذ کیا تھا۔ اس کے ساتھ لوکل گورنمنٹ آرڈی ننس اور پولیس ایکٹ بھی صوبوں میں نافذ کیا گیا تھا۔ لوکل گورنمنٹ آرڈی ننس اور پولیس ایکٹ صوبے ختم کر چکے ہیں۔ اب قومی احتساب آرڈی ننس کا اطلاق بھی صوبوں میں ختم ہونا چاہئے۔ سندھ کابینہ نے ملازمت سے برخاست کرنے کے خصوصی اختیارات کے آرڈی ننس 2000ء4 کو ختم کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ کابینہ نے صوبائی وزیر قانون ضیاء4 الحسن لنجار کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی۔ یہ کمیٹی آرڈی ننس کے خاتمے کے بعد سروسز رولز میں ترامیم تجویز کرے گی۔ سندھ کابینہ نے سندھ فورینسک سائنس ایجنسی کے قیام کے لیے مسودہ قانون پر غور کیا۔ سیکرٹری محکمہ داخلہ شاہد پرویز قاضی نے اس حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی۔ کابینہ نے اس مسودہ قانون کی بھی منظوری دے دی ، جس کے تحت سندھ میں فورینسک سائنس ایجنسی قائم کی جائے گی۔ سندھ کابینہ نے گاڑیوں کی سکیورٹی کے لیے ”اسمارٹ ایم وی کارڈ ” متعارف کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا۔ سیکرٹری محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے کابینہ کو بتایا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کٹ اور نمبر پلیٹس میں سکیورٹی کے حساس آلات ہوں گے۔ اس کے لیے قانون میں ترمیم کرنا ہو گی۔ اسمارٹ ایم وی کارڈ سکیورٹی خصوصیات کا حامل ہے۔ سندھ کابینہ نے موٹر وہیکل قوانین میں ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔ سندھ کابینہ نے نیو کیپٹو ( Captive ) پاور پلانٹ سبسڈی بل پر گورنر سندھ کے اعتراضات پر غور کیا اور ان اعتراضات کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ بل دوبارہ سندھ اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔کابینہ نے نئے سندھ انٹی کرپشن ایکٹ2017 کے مسودے کی بھی منطوری دے دی۔