سعودی حکام کا ملازمین کے حوالے سے اہم فیصلہ، سعودی عرب جانے کے خواہشمند افراد کے لئے خوشخبری

 
0
422

سعودی عرب 07 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): سعودی وزارت انسانی وسائل و سماجی بہبود آبادی نے مملکت میں تربیت یافتہ افرادی قوت لانے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی پر کام شروع کردیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی مارکیٹ میں ملازمین کی کمی پوری کرنے کے لیے اب تربیت یافتہ لوگ درآمد کیے جائیں گے جس سے متعلق منصوبے پر وزارت انسانی وسائل و سماجی بہبود آبادی کام کررہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے جامع حکمت عملی پر تیاری جاری ہے، سعودی عرب میں بیرون ملک سے مختلف شعبوں کےلیے درکار ماہر اور تربیت یافتہ افرادی قوت درآمد کرنے سے مقامی مارکیٹ میں بہتری آئے گی۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے ’سعودائزیشن ‘ کا منصوبہ متاثر نہیں ہوگا۔

بیرون ممالک سے ایسے تربیت یافتہ ماہرین اور ملازمین سعودی عرب بلائے جائیں گے جو مملکت کی کمپنی اور مارکیٹ کی ضرورت پوری کریں گے، وہ فنی ماہرین جو اپنے شعبوں میں اعلی تربیت یافتہ ہوں ان کو ہی درآمد کیا جائے۔

خیال رہے کہ سعودی وزارت کا منصوبہ ہے کہ مملکت میں اقاموں اور ویزوں کےلیے ’عامل‘ (مزدور) اور ’عاملہ‘ کا پیشہ مستقل بنیادوں پر ختم کردیا جائے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکنوں کو ان کے پیشے کے مطابق ویزے جاری کیے جاتے ہیں تاہم اب صرف تربیت یافتہ کارکنوں کو لانے کا منصوبہ مرتب کیا جا رہا ہے۔