ماضی میں بروقت فیصلے نہ ہونےسے صنعتوں پر بوجھ پڑا: وزیر اعظم عمران

 
0
303

اسلام آباد 09 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے وفاق اتنا ہی پیسہ صوبوں کو بھیج سکتا ہے،جتنا ٹیکس جمع ہوتا ہے،ماضی میں بروقت فیصلے نہ ہونے سے صنعتوں پر بوجھ پڑا۔

وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم ڈویژن کے زیر اہتمام گیس مسائل پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معلوم ہوتا ہے کہ ملک کے کیا مسائل ہیں، 40 سال پہلے فیصلے کرتے تو شاید آج یہ انرجی بحران نہ آتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بروقت فیصلے نہ ہونےسے صنعتوں پر بوجھ پڑا، بجلی کی پیداوار سے متعلق بہت پہلے سوچنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اکثریت ایل پی جی گیس استعمال کر رہی ہے،آج ہماری انڈسٹری مشکل دور سے گزر رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایل پی جی کی پیداواری لاگت 4 فیصد سے زائد ہے،سردیوں میں ہمیں گیس کے بڑے بحران کا سامنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سبسڈی دینے کا مقصد غریب عوام کے لیے آسانی پیدا کرنا ہے، سبسڈیز وہ لوگ استعمال کر رہے ہیں جو پہلے ہی طاقتور ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چیلنجز کو سامنے رکھ کر ہی بحث ومباحثہ کیا جاسکتا ہے،توانائی سے متعلق ماضی میں کبھی بحث ومباحثہ ہی نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ بحث ومباحثے سے اتفاق رائے پیدا ہوتا ہے،خواہش ہے ملکی مسائل پر قومی مباحثہ ہوناچاہیے۔

وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ وفاق اتنا ہی پیسہ صوبوں کو بھیج سکتا ہے جتنا ٹیکس جمع ہوتا ہے۔