نیب آفس ہنگامہ آرائی کیس، کیپٹن صفدر اور رانا ثناءاللہ کی عبوری ضمانت میں 6 اکتوبر تک توسیع

 
0
225

اسلام آباد 30 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): نیب آفس میں مریم نواز کی پیشی کے موقع لیگی کارکنان کی ہنگامہ آرائی کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے کیپٹن صفدر اور رانا ثناءاللہ کی عبوری ضمانت میں 6 اکتوبر تک توسیع کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے نیب آفس ہنگامہ آرائی کیس میں کیپٹن صفدراور رانا ثناءاللہ کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

تھانہ چوہنگ کے تفتیشی افسر کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی، تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان پر ہنگامہ آرائی اور اشتعال انگیزی کرانے کا الزام عائد ہے۔ جبکہ درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ ان پر بے بنیاد انسداد دہشت گردی کا پرچہ درج کر دیا گیا، عدالت درخواست ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔

دلائل کے بعد عدالت نے کیپٹن ر صفدر اور رانا ثناءاللہ سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 6 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

کیپٹن صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوٸے کہا کہ نیب اب انتقامی کاررواٸی کرنا چاہتا ہے مجھے نیب لاہور میں نہیں پشاور میں بلانا چاہتے ہیں ، میں سیاست سے پڑھ کر احتساب چاہتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کے لیے تحریک چل چکی ہے ، میں ڈرنے والی ہڈی نہیں ہوں، پانامہ دیکھا، اڈیالہ اور کوٹ لکھپت جیل کاٹی۔