اپوزیشن جھوٹے اور بے بنیاد کیسز سے ڈرنے اور پیچھے ہٹنے والی نہیں، نفیسہ شاہ

 
0
178

اسلام آباد 06 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سیاسی رہنماؤں کے خلاف غداری کے مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں کے خلاف غداری کے مقدمات وزیراعظم عمران خان کے ایما پر درج کئے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ بے بنیاد الزام عائد کر کے نفرت پیدا کرنے اور لوگوں کو اکسانے کی کوشش کی گئی، وزرا کے مقدمات پر وزیراعظم عمران خان کی ناپسندیدگی جیسا بیان ایک مذاق ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا آئین، قانون اور پارلیمان کی بالادستی کی بات کرنا غداری ہے، عوام احتساب کے اس دہرے معیار کو اچھی طرح جان چکے ہیں۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی قیادت کے خلاف تاحال کچھ ثابت نہیں ہو سکا، اپوزیشن جھوٹے اور بے بنیاد کیسز سے ڈرنے اور پیچھے ہٹنے والی نہیں۔

دوسری جانب متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی رہنما یا رکن کے خلاف غداری کا مقدمہ درج نہیں ہونا چاہیے۔

ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق کا کہنا تھا کہ ہم نئے صوبے کی بنیاد لسانیت پر نہیں رکھنا چاہتے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری کو وہ حقوق حاصل ہونے چاہئیں جو کراچی یا حیدر آباد کو حاصل ہیں۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے صحت، ٹرانسپورٹ اور تمام شعبوں کو نقصان پہنچایا، وسائل کی فراہمی ایم کیو ایم کے منشور کا حصہ ہے۔

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق دلوانے کی حمایت کرتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جعلی ڈومیسائل کے نام پر ملازمتوں میں ناانصافی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ریلی نکال رہے ہیں، اس میں میں کورونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔