زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر پہنچ گئی

 
0
470

اسلام آباد 20 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام نے مہمان ٹیم کا ائرپورٹ پر استقبال کیا۔ پاکستان کرکٹ کونسل ذرائع کے مطابق زمبابوے ٹیم کے کھلاڑی 21 اکتوبر سے 27 اکتوبر تک اسلام آباد میں قرنطینہ میں گزاریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ دوسرا ون ڈے یکم نومبر، تیسرا ون ڈے 3 نومبر کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پانچ نومبر کو زمبابوے کرکٹ ٹیم لاہور پہنچے گی۔ 7 نومبر کو پہلا ٹی ٹونٹی، 9 نومبر کو دوسرا اور 10 نومبر کو آخری ٹی ٹونٹی میچ ہوگا۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم 12 نومبر کو اپنے وطن واپس روانہ ہوگی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل ہیڈ کوچ مصباح الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

فخر زمان، حیدر علی، حارث سہیل، امام الحق، خوشدل شاہ اور محمد حفیظ کو زمبابوے کے دورہ پاکستان کے لیے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مصباح الحق نے بتایا کہ روحیل نذیر، محمد رضوان، عثمان قادر، ظفر گوہر کو پاکستان بمقابلہ زمبابوے سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

موسیٰ خان، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور وہاب ریاض کو بھی قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران مصباح الحق کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں سرفراز احمد فرسٹ کلاس میں پرفارم کریں اور پھر کم بیک کریں، جن کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا انہیں آئندہ موقع دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شرجیل خان کے لیے انٹرنیشنل پروگرام دینا چاہتے ہیں۔ فٹنس پر کام کرنا ہوگا، نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔