لاہور میں کھلا آٹا خریدنا عوام کیلئے بڑا چیلنج بن گیا

 
0
178

اسلام آباد 20 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کھلا آٹا خریدنا بڑا چیلنج بن گیا، دکانوں پر کھلا آٹا ملنا بند ہو گیا ہے۔

مارکیٹ میں 20 کلو کا تھیلا بھی دستیاب نہیں ہے، دس اور پندرہ کلو والے تھیلے کی قیمت عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے۔

20 کلو آٹے کے تھیلے کی مارکیٹ میں سپلائی بند ہو چکی ہے، 10 کلو کا تھیلا 480 سے پانچ سو اور 15 کلو کا تھیلا 960 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

دوکاندار منظور نے کہا کہ پیچھے سے آٹا کی سپلائی ہی نہیں آ رہی ہے، آٹا صرف دس اور پندرہ کے پیک میں دستیاب ہے۔ شہر میں روزانہ دو لاکھ پچاس ہزار آٹے کے تھیلوں کی ڈیمانڈ ہے جبکہ سپلائی ڈیڑھ لاکھ کے قریب ہو رہی ہے۔

شہری امتیاز احمد اور مظہر علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ دو سے تین کلو آٹا خرید سکتے ہیں،مگر دکانوں سے مل ہی نہیں رہا ہے۔ مظہر علی کا کہنا تھا کہ کیا کریں میں تو چار دکانیں گھوم آیا کہیں آٹا نہیں مل رہا ہے، اب پندرہ کلو کا تھیلا کہاں سے خریدوں

شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹا سستا تو دورکی بات، لاہور کی عام مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی ہی بہتر نہیں ہو سکی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ دعووں کی بجائے عملی اقدامات کرے تو ان کی مشکل کسی حد تک کم ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی بڑی وجہ ذخیرہ اندوزی ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی کو قابو کرنے سے متعلق اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کے لیے ٹائیگر فورس کو پہلا ٹاسک مل گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اگر ہم نے ذخیرہ اندوزی پر قابو پالیا تو صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی اور انتظامیہ یقینی بنائے کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔