مریم بلاول ملاقات، گلگت بلتستان کے انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کا مطالبہ

 
0
226

گلگت بلتستان 12 نومبر 2020 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی نے گلگت بلتستان میں انتخابات کو شفاف بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مطالبہ ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

مریم نواز اور بلاول بھٹو کے درمیان ہونے والی ملاقات کے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ علاقائی اورقومی حالات کا تقاضہ ہے کہ انتخابات صاف و شفاف کرائے جائیں۔

جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابی عمل میں شفافیت نہ ہونے کے گہرے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود وفاقی وزرا کا گلگت بلتستان کی انتخابی مہم میں حصہ لینا پری پول دھاندلی ہے۔

ملاقات کے حوالے سے جاری کیے جانے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی مداخلت گلگت بلتستان کی عدالت اور انتخابی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

مریم نواز اور بلاول بھٹو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کے گلگت بلتستان کے صدور دھاندلی کو روکنے کے لیے حکمت عملی طے کریں گے۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے ایجنڈے کے حصول کے لیے مکمل طور پر یکسو ہیں۔

مریم نواز اور بلاول بھٹو نے ہونے والی ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ پی ڈی ایم عوام پرمہنگائی اورمعاشی ظلم ڈھانے والی حکومت کو گھر بھیج کردم لے گی۔