غیر سرکاری تنظیم فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات پرامن طریقے سے ہوئے۔

 
0
181

اسلام آباد 18 نومبر 2020 (ٹی این ایس): گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات سے متعلق جاری رپورٹ میں فافن نے کہا ہے کہ چند پولنگ اسٹیشنز پر بدمزگی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ انتخابی نتائج کی تیاری شفاف تھی مگر چند پولنگ اسٹیشنز پر امیدواروں کو اندر نہیں جانے دیا گیا۔

فافن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشنر گلگت بلتسان سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے تحفظات دور کرنے کیلئے اقدامات کرے۔

فافن رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں 20 حلقوں کے نتائج کے مطابق ٹرن آوَٹ 60 فیصد رہا۔ 20 حلقوں میں سے 7 میں خواتین کے ووٹ ڈالنے کا ڈیٹا فراہم نہیں کیا گیا۔ مردوں کے مقابلے میں خواتیں کا ٹرن آؤٹ کم رہا۔

خیال رہے کہ غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف 9، پیپلزپارٹی 4، پاکستان مسلم لیگ نواز 2، آزاد امیدوار 7 اور ایم ڈبلیو ایم نے ایک سیٹ جیتی ہے۔

گلگت بلتستان کی 24 میں سے 23 نشستوں پر انتخابات ہوگئے ہیں جبکہ بعض حلقوں میں امیدواروں کی جانب سے شکایات کے بعد دوبارہ گنتی کا عمل ہنوز جاری ہے۔

الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کے اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں ساتھ لاکھ سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ تھے جن میں سوا لاکھ پہلی مرتبہ ووٹر بنے۔