آئی سی سی آئی اور پاکستان ایج وی اے سی آر سوسائٹی کے درمیان باہمی تعاون کا سمجھوتہ، انرجی ایفی شینسی کو فروغ دے کر کاروبار کی لاگت کو کم کیا جا سکتا ہے۔ سردار یاسر الیاس خان 

 
0
226

حکومت ایچ وی اے سی آر مصنوعات کیلئے اعلیٰ معیار کی ٹیسٹنگ لیب بنائے۔ خرم آر ملک

اسلام آباد 01 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تا کہ مشترکہ کوششوں سے کاروباری برادری اور صنعتی شعبے کے مفادات کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔ اس سلسلے میں چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی  کے صدر خرم رحمان ملک نے مفاہمت کی یادداشت پر  دستخط کیے۔چیمبر کے نائب صدر  عبد الرحمن خان، سیف الرحمن خان، خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مفاہمت کی یادداشت کے مطابق دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ مشترکہ وسائل کو استعمال میں لا کر کاروباری برادری کے لئے فائدہ مند سیمینار، تربیتی پروگراموں اور ورکشاپس کا انعقاد کریں گے۔ اس کے علاوہ دونوں فریقین کسی بھی فریق کی طرف سے منعقدہ ورکشاپس، کانفرنسوں اور نمائشوں میں کاروباری برادری کی شرکت بڑھانے میں ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ مزید سازگار کاروباری پالیسیاں تشکیل دے کر پاکستان اگلی دہائی میں صنعتی انقلاب برپا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے تعمیراتی پیکیج کی وجہ سے تعمیراتی سرگرمیوں میں زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے کیونکہ ملک بھر میں بڑے تعمیراتی منصوبے شروع ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں نئی عمارتوں میں انرجی ایفی شینسی کو فروغ دینے کیلئے پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی بلڈنگز میں جدید ہیٹنگ، وینٹیلیشن، ایئر کنڈیشنگ اور ریفریجریشن سسٹم کی تنصیب سے نہ صرف بجلی کی کافی بچت ہوگی بلکہ کاروبار کی لاگت بھی کافی کمی ہو گی جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ چیمبر اسلام آباد میں ایک صنعتی نمائش لگانے کا منصوبہ بنا رہا ہے لہذا پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی اس نمائش میں اپنے ممبران کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کیلئے تعاون کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی کی مشاورت سے ایک ایچ وی اے سی آر کمیٹی تشکیل دے گا تا کہ یہ کمیٹی اس شعبے کے ممبران کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے کام کر سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر کاروباری برادری میں انرجی ایفی شینٹ مصنوعات کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کے لئے پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی کے صدر خرم رحمان ملک نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سوسائٹی چیمبر کے ساتھ مل کر سرمایہ کاروں کو انرجی ایفی شینٹ عمارتوں کی تعمیر کرنے کے لئے ضروری رہنمائی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایچ وی اے سی آر سسٹمز کے لئے کوئی بین الاقوامی معیار کی ٹیسٹنگ لیبارٹری موجود نہیں ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں جلد ایک ایسی ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی جائے جس سے اس شعبے کو ترقی ملنے کے ساتھ ساتھ      ایچ وی اے سی آر سسٹمزکی برآمدات کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایچ وی اے سی آر سوسائٹی نے لاہور کے ایک کالج میں ٹیکنیکل لیب کو اپ گریڈ کرنے میں معاونت کی ہے اور اب وہ کراچی میں اسی طرح کے ایک منصوبے پر کام کر رہی ہے تاکہ کاروباری اداروں اور صنعتوں کے لئے ہنر مند افرادی قوت تیار کی جاسکے۔دونوں فریقوں نے بہت سارے دیگر اقدامات پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے بھی بات چیت تا کہ مشترکہ کوششوں سے کاروباری اداروں اور صنعتوں کے مفادات کو فروغ دیا جا سکے۔