اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایڈز کے بارے میں آگاہی سمینار کا انعقاد،  ایڈز پر قابو پانے کیلئے حکومت مزید بہتر حکمت عملی وضع کرے۔ سردار یاسر الیاس خان

 
0
253

عوام میں زیادہ آگاہی پیدا کر کے ایڈز سے نمٹا جا سکتا ہے۔ شیخ عامر وحید، نوید ملک

اسلام آباد 02 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): ایڈز کا عالمی دن منانے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اسلام آباد فاؤنڈر لائنز کلب کے اشتراک سے ایڈز کے بارے میں ایک آگاہی سمینار کا انعقاد کیا۔ چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان صدر، نائب صدر عبد الرحمن خان، معروف ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو چوہدری ہارون نصیر، اسلام آباد فاؤنڈرلائنز کلب کے صدر شیخ عامر وحید، نائب صدر فہیم خان، سیکرٹری جنرل محمد نوید ملک، ڈاکٹر افشاں ملک، ڈاکٹر وحید، ڈاکٹر اسامہ، ڈاکٹر مہوش، باسر داؤد، صفینہ شاہ، اشفاق چٹھہ، نوشین ارشاد اور شیخ جمشید سمیت تاجر برادری کی بڑی تعداد نے سمینار میں شرکت کی۔

سمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ایڈز کے مرض پر قابو پانے کیلئے حکومت مزید بہتر حکمت عملی وضع کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز کا عالمی دن ہمیں یہ یاددہانی کراتا ہے کہ ہم سب متحد ہو کر اس مرض کے تدارک کیلئے کوشش کریں اور ایڈز سے متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ایڈز سے متاثرہ افراد کو بدنامی اور امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑ تا ہے جس وجہ سے ان کیلئے ایک خوشگوار زندگی گزارنا مشکل ہو جاتا ہے لہذا ہمیں ایسے رویوں کو بدلنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام میں ایڈز کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کر کے ہی ایسے منفی رویوں اور سوچوں کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز سے متاثرہ خون کی دوسرے لوگوں میں منتقلی اورجراثیم شدہ میڈیکل و ڈینٹل آلات کا استعمال پاکستان میں ایڈز کے پھیلاؤ کا اہم سبب ہیں لہذا حکومت ان طریقوں پر پابندی عائد کرنے کے لئے سخت اقدامات اٹھا ئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہیلتھ ورکرز کی استعداد کار بڑھانے پر بہتر توجہ دے تا کہ وہ ایڈز سمیت دیگر امراض کے تدارک کیلئے فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے چیمبر کے اشتراک سے ایڈز کے بارے میں آگاہی سمینار منعقد کرنے پر اسلام آباد فاؤنڈر لائنز کلب کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیااور اس امید کاا ظہار کیا کہ یہ سمینار شرکا کے لئے کافی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

معروف ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو چودھری ہارون نصیر اور ڈاکٹر اسامہ نے ایڈز کے تکنیکی پہلوؤں، اس کی نشوونما، علامات، تشخیص کے عمل، بنیادی معلومات اور اس کے علاج معالجہ کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں 2019 میں 17لاکھ افراد میں ایڈز کی تشخیص ہوئی ہے، عالمی سطح پر 38 لاکھ افراد ایڈز کے ساتھ زندگی گزار رہے تھے جبکہ دنیا بھر میں 2019 میں ایڈز سے وابستہ بیماریوں سے 6لاکھ 90ہزارافراد ہلاک ہوئے۔ 

شیخ عامر وحید، محمد نوید ملک، ڈاکٹر افشاں ملک، ڈاکٹر وحید، ڈاکٹر مہوش اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بیماری سے بچنے کے لئے مختلف تدابیر شرکاء سے شیئر کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا کو اعتماد میں لے کر لوگوں میں ایڈز کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے لئے مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈز کے بارے میں لوگوں کی بہتر تعلیم اس بیماری سے وابستہ منفی سوچوں اور غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایڈز پر قابو پانے کیلئے کافی کام ہو رہا ہے لیکن پاکستان میں اس سلسلے میں کی جانے والی کوششیں ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈسپوز ایبل سرنجوں کے استعمال پر پابندی عائد ہے لیکن سستی ہونے کی وجہ سے پاکستان کے متعدد ہسپتالوں میں یہ سرنجیں استعمال کی جارہی ہیں جو ایڈز کے پھیلاؤ کا ایک ذریعہ ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان سرنجوں کے استعمال پر پابندی عائد کرے۔