اسلام آباد ہائی کورٹ کا سابق وزیراعظم نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ

 
0
253

اسلام آباد 02 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسزمیں اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جسٹس عامرفاروق نے کہا ہے کہ مختصر فیصلہ کچھ دیر میں جاری کریں گے۔ عدالت نے نواز شریف کی ضمانت دینے والوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

عدالت نےنواز شریف کی اپیل کی آئندہ سماعت مریم نوازکی اپیل کےساتھ مقررکردی۔ نوازشریف کی اپیل پرآئندہ سماعت9دسمبرکو ہوگی۔

نواز شریف نے العزیریہ ریفرنس میں عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے سرنڈر کرنے کے حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

سابق وزیراعظم نے مؤقف اپنایا ہے کہ عدالت پیشی کا حکم ختم کرکے نمائندے کے ذریعے اپیل میں پیش ہونے کا موقع دے۔

العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کو سات سال قید، دس سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے پر فائز ہونے پر پابندی، ان کے نام تمام جائیداد ضبط کرنے اور تقریباً پونے چار ارب روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

نوازشریف نے اپنی سزا معطلی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی تھی اور یہ استدعا کی کہ اپیل پر فیصلہ ہونے تک طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں وزیر اعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ان کی سزا آٹھ ہفتوں کے لیے معطل کی تھی۔