نیویارک جولائی 23(ٹی این ایس ): مشرق وسطی سے متعلق چار فریقی بین الاقوامی کمیٹی (امریکا ، روس ، یورپی یونین اور اقوام متحدہ) نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کی صورت حال سے متعلقہ تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے جذبات کو انتہائی حد تک قابو میں رکھیں۔ ساتھ ہی کمیٹی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بیت المقدس کی صورت حال کو دوبارہ سے اپنی پرانی وضع پر لے کر آئے۔عرب ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کے سفارت کاروں نے بتایا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس سویڈن، فرانس اور مصر کے مطالبے پر طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں مقبوضہ بیت المقدس میں جاری کشیدگی اور مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوج کی پابندیوں پر غور کیا جائے گا۔سویڈن کے سیاسی امور کے رابطہ کار کارل اسکاؤ نے اقوام متحدہ کے دفتر میں بتایا کہ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بیت المقدس کی تازہ کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری بات چیت شروع کرنے پر زور دیا جائے گا۔ادھر بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کیباہر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان کشیدگی بدستور موجود ہے۔مسجد اقصیٰ کے باب الاسباط کے باہر بڑی تعداد میں فلسطینی دھرنا دیے ہوئے ہیں۔