بروک لیسنرکا ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑنے کا فیصلہ

 
0
312

 

نیویارک جولائی24(ٹی این ایس)ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک بروک لیسنر لگتا ہے ایک بار پھر اس کمپنی کو چھوڑ کر یو ایف سی کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں۔امریکی جریدے فوربس کے مطابق بروک لیسنر نے ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑ کر ایک بار پھر یو ایف سی میں واپسی کا عندیہ دیا ہے، جہاں سے نکل کر وہ 2012 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے تھے۔رپورٹ کے مطابق بروک لیسنر ریسل مینیا 34 کے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑ کر یو ایف سی کا رخ کرسکتے ہیں، جہاں وہ اگلے سال نومبر میں رنگ کا حصہ بن سکیں گے۔تاہم اس واپسی سے قبل بروک لیسنر کو یو ایس اے ڈی اے میں اپنے ڈوپ ٹیسٹ کو بھی کلیئر کرانا ہوگا جس کے تحت ان پر یو ایف سی میں گزشتہ سال ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔بروک لیسنر کا ڈبلیو ڈبلیو ای کنٹریکٹ ریسل مینیا 34 کے بعد ختم ہورہا ہے اور اب تک انہوں نے اس پر دوبارہ دستخط کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا اور اپنے آپشنز اوپن رکھے ہیں۔کچھ حلقوں کے مطابق بروک لیسنر یو ایف سی میں واپسی کا عندیہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے بہتر معاہدے کے لیے دے رہے ہیں، حالانکہ وہ پہلے ہی کمپنی کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اسٹار ہیں۔یو ایف سی میں درحقیقت مکسڈ مارشل آرٹس کے مقابلوں کا انعقاد ہوتا ہے جو کہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے کافی حد تک مختلف برانڈ ہے۔اس سے پہلے بروک لیسنر یو ایف سی 100، 141 اور 200 کا حصہ رہ چکے ہیں۔دوسری جانب ڈبلیو ڈبلیو ای کو امید ہے کہ یو ایف سی کا حصہ بن جانے کے باوجود بروک لیسنر اس کے ساتھ معاہدے کو برقرار رکھیں گے۔