ذیلی کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کوخالی آسامیوں پر فوری بھرتیاں کرنے کی ہدایت

 
0
183

اسلام آباد 02 فروری 2021 (ٹی این ایس): قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ملازمتوں کی خالی آسامیوں پر فی الفور بھرتیاں کرنے اور بلوچستان اور اقلیتوںکیلئے مختص کوٹے پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کر دی ، کنونیئر کمیٹی علی نواز اعوان نے کہا کہ کوٹہ سسٹم میں موجود بے ضابطگیاں سامنے لائی جائیں،صوبوں اور اقلیتوں کے کوٹے پر شفاف طریقہ کار کے تحت بھرتیوں کے عمل کو یقینی بنایا جائے ۔

ذیلی کمیٹی کا اجلاس منگل کو کنونیئر علی نواز اعوان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی میجر (ریٹائرڈ)طاہر صادق اور محمد ہاشم سمیت اسٹبلشمنٹ ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم اور روسٹر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی اداروں میں بھرتیوں کے حوالے سے اقلیتوں اور صوبوں کے لیے مختص کوٹے پر صوبوں اور اقلیتوں کے تحفظات کو زیر غور لایا گیا۔رکن کمیٹی محمد ہاشم نے کہا کہ وفاق میں بلوچستان کے 6 فیصد کوٹے پر عملدرآمد کو سختی سے یقینی بنایا جائے۔رکن کمیٹی طاہر صادق نے کہا کہ بھرتیوں کے عمل میں کاغذات کا اصل ہونا ضروری ہے۔کنونیئر کمیٹی علی نواز اعوان نے کہا کہ اقلیتوں اور صوبوں کے کوٹہ پر ایسا طریقہ کار بنایا جائے جس سے کسی کی حق تلفی نہ ہو، وفاقی اداروں میں بھرتیاں پر اقلیتوں اور صوبوں کو تحفظات ہیں،کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ڈومیسائل کی عمل کو ٹھیک کرنا ہو گا، ووٹر لسٹ کے مطابق ڈومیسائل کی جانچ پڑتال کی جائے۔ اسٹبلشمنٹ ڈویژن کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ بلوچستان کے کوٹے کو آغاز حقوق بلوچستان کی روشنی میں دیکھا جا رہا ہے، کوٹے پر عملدرآمد میں خامیاں موجود ہیں جن کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔کنوینر کمیٹی علی نواز اعوان نے ہدایت کی کہ صوبوں اور اقلیتوں کے کوٹے پر شفاف طریقہ کار کے تحت بھرتیوں کے عمل کو یقینی بنایا جائے، ملازمتوں کی خالی آسامیوں پر فی الفور بھرتیاں کی جائیں،کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں صوبوں اور اقلیتوں کے تحفظات سے متعلق جامع پلان پیش کیا جائے۔