سینیٹ انتخابات ویڈیو کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنا دی

 
0
223

اسلام آباد 11 فروری 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات ویڈیو کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنا دی۔عمران خان نے سینیٹ انتخابات سے متعلق مبینہ ویڈیو کی تحقیقات کے لیے کمیٹی میں فواد چوہدری، شیریں مزاری اور شہزاد اکبر کو شامل کیا ہے۔

کمیٹی سینیٹ انتخابات سے متعلق مبینہ ویڈیو کی تحقیقات کرے گی اور تمام آئینی وقانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات دے گی۔

کمیٹی کو اپنی سفارشات جلد وزیر اعظم کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نامعلوم شخص اراکین اسمبلی کے ساتھ سودا کر رہا ہے اور ایم پی ایز نوٹوں کے بنڈل گن کر بیگوں میں ڈال رہے ہیں۔

ویڈیو میں پی ٹی آئی کے دو، قومی وطن پارٹی کے دو اور پی پی کے ایک رکن اسمبلی موجود دکھائی رہے ہیں۔

2018 کے انتخابات میں ووٹوں کی خرید و فروخت کے الزامات سامنے آنے پر پاکستان تحریک انصاف نے 20 اراکین کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں پی ٹی آئی کے سابق ایم پی ایز سردار ادریس، عبید مایار اور دینہ ناز نظر آرہے ہیں۔