ساہیوال سمیت پنجاب بھر میں جیالوں کے خلاف جھوٹے مقدمات سے عیاں ہے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، بلاول بھٹو

 
0
374

کراچی جولائی24(ٹی این ایس ): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بدعنوان حکمرانوں کے خلاف بھرپور احتجاج کرنے پر پنجاب کے پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور عوام الناس کی تعریف اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں گو نواز گو ریلیوں کے کامیاب انعقاد نے تخت رائیونڈ کی نیندیں اڑا دی ہیِں اور ن لیگ کی صوبائی حکومت پی پی پی کارکنان کیخلاف انتقامی کاروائیوں پر اتر آئی ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ساہیوال سمیت پنجاب بھر میں جیالوں کے خلاف جھوٹے مقدمات سے عیاں ہے کہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیالوں کیخلاف اوچھے ہتھکنڈے موثر نہیں ہونگے کیوں کہ جیالوں نے ظالم کے آگے جھکنا سیکھا ہی نہیں ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے ذکی چودھری سمیت پارٹی کے 50 سے زائد کارکنان کیخلاف جھوٹے مقدمات داخل کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ پارٹی رہنماؤں و کارکنان کیخلاف مقدمات کے باوجود پی پی پی گو نواز گو سے پیچھے نہیں ھٹے گی، جب تک وزیراعظم اپنے عہدے سے استعیفی نہیں دے دیتے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب سے وابستہ کارکنان و عوام کے عزم کی تعریف کی اور مطالبہ کیا کہ پارٹی کارکنان کیخلاف داخل کیئے گئے تمام مقدمات واپس لیئے جائیں کیوں کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری و آئینی حق ہے۔