اسلام آباد 09 مارچ 2021 (ٹی این ایس): ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈی ایچ او اسلام آباد ضعیم ضیاء نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں کورونا سے متاثرہ 3 کالج تا حکم ثانی بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی ایچ او اسلام آباد کے مطابق شہر کے 3 تعلیمی اداروں میں 8 کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیکٹر جی الیون 3 کے نجی تعلیمی ادارے میں کورونا کے 3، گرلز کالج ایف 6 ٹو میں 2 جب کہ گرلز کالج آئی 9 ون میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں آج مزید 54 اموات اور ایک ہزار 353 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار281 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 93 ہزار453 ہو گئی ہے۔
ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 16 ہزار349 ہے۔ 5 لاکھ 63 ہزار823افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔