اسلام آباد 26 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے آمور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے اپنی بھر پور حمایت جاری رکھے گا،74 سال قبل آج (27اکتوبر)کے دن قابض بھارتی افواج کشمیر پر غیر قانونی قبضے اور کشمیری عوام کو محکوم بنانے کے لئے تمام تر عالمی قوانین اور انسانی حقوق کو روندتی ہوئی سرینگر میں داخل ہوئیں،
کشمیر پر بھارتی قبضہ کے خلاف (27اکتوبر)کو منائے جانے والے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بہادر عوام نے اس غیر قانونی قبضہ کے خلاف مسلسل مزاحمت کا مظاہرہ کیا ہے-
انہوں نے کہا کہ آج نہتے کشمیری نو لاکھ مسلح بھارتی افواج کے ظلم و ستم کے سامنے بے خوف کھڑے ہیں اور کشمیریوں کی یہ مقامی اور نہ ختم ہونے والی انتھک جدوجہد ثابت کرتی ہے کہ کشمیریوں کے عزم کو کسی قسم کے جبر سے کچلا نہیں جا سکتا-
وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو ختم کرنے کے لئے 5 اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے متنازعہ علاقے کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی، انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو مزید مضبوط کرنے اور کشمیریوں کی الگ شناخت ختم کرکے ان کو اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کا یہ نام نہاد حتمی حل شروع کیا-
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی یہ بھارتی کوشش بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے- وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلے دو سالوں سے بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کی بنیادی آزادی پر سفاک فوجی محاصرے اور پابندیوں کا اطلاق کر رکھا ہے،
انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے ماورائے عدالت قتل، غیر قانونی حراست، جھوٹے سرچ آپریشنز اور زیر حراست تشدد کی کارروائیوں کا سلسلہ بے دریغ جاری ہے-
انہوں نے کہا کہ آج بھی کشمیری قیادت من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کے تحت قید ہے- انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو طول دینے کے لئے نہتے کشمیریوں کے تمام تر انسانی حقوق کو روند رہا ہے- علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انسانی حقوق کی یہ تمام سنگین اور منظم خلاف ورزیاں بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس میں اچھی طرح درج ہیں –
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پیش کیے گئے حالیہ ڈوزیئر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے خوفناک انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور گھناؤنے جنگی جرائم کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کیے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں پرعالمی برادری بھارت کو جواب دہ ٹھہرائے –
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو فوری روکنا چاہیے اور بھارت 5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کرے تاکہ کشمیری عوام رائے شماری کے اپنے حق کو استعمال کر سکیں – وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری بہنوں بھائیوں کے ناقابل تسخیر جذبے اور لاتعداد قربانیوں پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں –
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے اپنی بھر پور حمایت جاری رکھے گا۔