مریم نواز کے کل کے ٹویٹ پر بہت افسوس ہوا،خوشی کے موقع پر ہمیں یک جہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے،حکومت فوڈ سپورٹ پروگرام متعارف کرا رہی ہے، فرخ حبیب

 
0
116

اسلام آباد 26 اکتوبر (ٹی این ایس):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف فتح کے بعد پاکستانی قوم کے چہروں پر مسکراہٹیں اور جذبہ قابل دیدنی تھا، قومی ٹیم نے ثابت کر دیا ہے کہ جب بھی وہ متحد ہو کر کھیلتی ہے تو نا ممکن کو بھی ممکن کر دکھاتی ہے، بھارت کے خلاف میچ میں کامیابی کرکٹ کی سرجیکل سٹرائیک تھی، کرکٹ نے ہمیشہ پوری قوم کو یکجا کیا ہے، مریم نواز کے کل کے ٹویٹ پر بہت افسوس ہوا ہے، قومی مفادات سے متعلق معاملات اور خوشی کے موقع پر ہمیں سیاست کو الگ رکھ کر یک جہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، مسلمان بھارتی کرکٹر محمد شامی کے خلاف ہندئوں کی نفرت انگیز سوچ نے قائداعظم محمد علی جناح کی دو قومی نظریے کی تھیوری کو سچ ثابت کر دیا ہے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، یہ صرف ٹیم کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی کامیابی ہے،

بابراعظم اور محمد رضوان نے بھارت کے چھکے چھڑوا دیئے، پاکستانی شائقین چوکوں اور چھکوں کی بارش سے محظوظ ہو رہے تھے جبکہ دوسری جانب بھارتی شائقین کے چہرے بجھے ہوئے تھے اور وہ میدان چھوڑ کر جانا شروع ہو گئے تھے، بھارتی سیاستدانوں، سابق کرکٹرز اور سیلیبریٹیز نے اپنی ٹیم کے حوالے سے بڑے بڑے بول بولے ہوئے تھے، قومی ٹیم نے اپنی کارکردگی سے انہیں خاک میں ملا دیا، پاک بھارت میچ میں ہر جگہ رش تھا، جس کو کرکٹ سے لگا ئو نہیں تھا اس نے بھی پاک بھارت میچ دیکھا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ آج بھارت کے اندر مودی کی آر ایس ایس کی انتہاپسندانہ ہنداتوا سوچ سب پر حاوی ہے، مسلمان، کشمیری اور جتنی بھی اقلیتیں ہیں اس کا شکار ہو رہی ہیں، خاص طور پر مسلمانوں کو چن چن کر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، مسلمان بھارتی کرکٹر محمد شامی اور شاہ رخ خان کے بیٹے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان ساری چیزوں نے قائداعظم کے دو قومی نظریے کی تھیوری کو سچ ثابت کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کی ذمہ دار تھی، مودی حکومت نے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد اقلیتوں کے ساتھ جو کیا وہ پوری دنیا کے سامنے ہے، بھارت میں بسنے والے لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ انہوں نے کس قسم کے آدمی کو وزارت عظمی کی کرسی پر بیٹھا رکھا ہے جسے انسانی حقوق اور نہ ہی نام نہاد سیکولرازم کا احساس ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان لیجنڈری کرکٹر ہیں، انہوں نے قومی ٹیم کو ورلڈکپ جتوایا تھا، کل مریم صفدر کے ٹویٹ پر بہت افسوس ہوا، قومی مفادات سے متعلق معاملات اور خوشی کے موقع پر ہمیں سیاست کو الگ رکھ کر یک جہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

آئی ایم ایف سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلی بار آئی ایم ایف کے پاس نہیں گیا، ماضی کی حکومتیں بھی آئی ایم ایف کے پاس جاتی رہی ہیں لیکن کبھی معاہدوں اور بات چیت کو عوام کے سامنے نہیں لایا گیا، موجودہ حکومت ملک کے مفاد کو سامنے رکھ کر آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے،

ایسی کوئی شرائط تسلیم نہیں کریں گے جس سے عوام کے اوپر مزید بوجھ پڑے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی کے ریکارڈز ٹوٹے ہیں، حکومت زرعی پیداوار بڑھانے، عام آدمی کو ریلیف دینے اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے،

حکومت فوڈ سپورٹ پروگرام متعارف کرانے جا رہی ہے جس سے غریب لوگوں کو روزمرہ کھانے پینے کی اشیا پر سبسڈی ملے گی، سندھ حکومت کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ بھی اس پروگرام کا حصہ بنے تاکہ لوگوں کو عالمی مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے کسانوں کا استحصال کیا تاہم موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد کسانوں کو سابقہ حکومتوں کے ادوار کے بقایا جات اور اضافی 1100 ارب روپے اور کسان کارڈز دیئے جس کی وجہ آج کسان خوشحال ہیں اور اسی وجہ سے گنے اور گندم سمیت دیگر فصلوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے مافیا کو پروان چڑھایا، رمضان شوگر مل سمیت کئی دوسری شوگر ملوں نے ابھی تک کسانوں کو ادائیگیاں نہیں کیں، شوگر اسکینڈل تحقیقات کے دوران رمضان شوگر ملز کے خلاف 25 ارب روپے جعلی اکاﺅنٹس کا معاملہ نکلا، سلیمان شہباز اس کے سرغنہ ہیںِ، شاہد خاقان عباسی نے شوگر ملوں کو 20 ارب روپے کی سبسڈی دی، موجودہ حکومت نے مافیا پر ہاتھ ڈالا ہے اور پنجاب اینٹی کرپشن اب تک بدعنوان عناصر سے اربوں روپے ریکور کر چکا ہے، جو لوگ بھی ملک کو لوٹنے میں ملوث رہے ہیں وہ احتساب سے نہیں بچ سکتے۔