مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے گزشتہ دو ہفتوں میں 30سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا،مشعال ملک

 
0
199

اسلام آباد 26 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): سینئر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے گزشتہ دو ہفتوں میں 30سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا،

بھارتی فوج نے گزشتہ دو ہفتوں سے کشمیریوں کے گھروں کا گھیراؤ کر رکھا ہے،لوگوں کو گھروں سے باہر جانے کی اجازت نہیں۔وہ منگل کو یہاں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آرآئی)کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوجیں داخل ہونے اور قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

تقریب سے انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ انعام الحق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان کے میچ کے دوران گھر گھر چھاپے مارے گئے،900سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا،

بھارت میں کشمیری طلباء پر تشدد اور گرفتار کیا گیا۔مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ دو ہفتوں سے پونچھ باسیوں کا جینا حرام کر رکھا ہے،تلاشی کے نام پر کشمیریوں کو گھروں میں بند کر دیا گیا ہے،بھارتی فوج اور بھارتی ٹیم کے ہارنے کا غصہ کشمیریوں پر اتار رہی ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی کر رہا ہے،

امیت شاہ کے دورے کے دوران کشمیریوں کو گھروں میں بند کر دیا گیا،بھارتی حکومت اور فوج مقبوضہ کشمیریوں کو جیل میں بدل کر رکھا ہوا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ نو لاکھ فوج کے حصار میں امیت شاہ کے دورے نے دنیا کو بتا دیا کشمیری کیا چاہتے ہیں،کشمیریوں کو مولی گاجر کی طرح کاٹا جارہا ہے۔