وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں کے بھی ٹیسٹ کیے جائیں گے, حماد اظہر

 
0
182

اسلام آباد 20 مارچ 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ کرونا جسم میں داخل ہونے کے چار پانچ روز بعد پکڑ میں آتا ہے، وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں کے بھی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم سے گزشتہ دو تین روز کے دوران ملاقات کرنے والوں کے کرونا ٹیسٹ کیے جائیں گے کیونکہ کرونا ایک بار جسم میں داخل ہو تو اس کی تشخیص چار سے پانچ روز بعد ہوتی ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’ڈاکٹروں نے بتایا وزیراعظم کو ویکسین لگنے سے پہلے ہی کرونا ہوچکا تھا، ویکسین لگنےکے2سے3 ہفتے بعد اس کا اثر شروع ہوتا ہے‘۔

اسمارٹ فونز کے پیداواری پلانٹس کی پاکستان میں تنصیب کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’اسمارٹ فونز پلانٹس کاجلد ہی افتتاح کروں گا، ہماری حکومت سےپہلےاسمگل شدہ موبائل فون فروخت ہونے کی شرح 70سے 80فیصد تھی مگر اب یہ سلسلہ تقریباً بند ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان کو کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے بتایا کہ عمران خان کو ہلکا بخار اور نزلہ ہے، مجموعی طور پر اُن کی طبیعت بہتر ہے۔