شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے،وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی

 
0
203

اسلام آباد 05 اپریل 2021 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ،حکومت ملتان شہر کی شاہرائوں کی توسیع، سیوریج کے نظام کی بحالی اور پینے کا صاف پانی ہر دہلیز تک پہنچانے کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کررہی ہے جن کی تکمیل سے اس شہر کے باسیوں کے بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے۔

منظور آباد میں چوہدری لیاقت علی انصاری، امجد علی انصاری ایڈووکیٹ، چوہدری سردار احمد، مجیب الرحمن، سلیم نمازی، ساجد سعیدی ،رضوان یعقوب اورحلقہ کے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اس وقت ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروش مافیا کے منفی ہتھکنڈوں کی وجہ سے خود ساختہ مہنگائی پیدا کی جارہی ہے جس کا وزیراعظم عمران خان نے سخت نوٹس لیا ہے اور عوام پر مہنگائی مسلط کرنیوالوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، بہت جلد مہنگائی کا خاتمہ کرکے عوام کو ریلیف فراہم کریں گے ۔

اس موقع پر میزبان خلیل احمد عرف مکھن پہلوان نے مخدوم شاہ محمود قریشی کی منظورآباد آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی گونا گوں مصروفیت سے ہمارے لیے وقت نکال کر خود کو عوامی سیاستدان ثابت کیا ہے۔