صدر مملکت نے پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021 ء اور سینیٹ سیکریٹریٹ سروسز (ترمیمی) ایکٹ 2021ء پر دستخط کردیئے

 
0
220

اسلام آباد 09 اپریل 2021 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021 ء اور سینیٹ سیکریٹریٹ سروسز (ترمیمی) ایکٹ 2021ء پر دستخط کردیئے۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ کے تحت قومی اور بین الاقوامی تجارت میں آسانی کیلئے خودمختار ادارہ قائم کیا جائے گا۔

برآمدات، درآمدات اور ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق تمام سہولیات ایک ہی نظام میں میسر ہوں گی، ادارے کے قیام سے کاروبار ی اخراجات میں کمی ہوگی، سرحد پار تجارت آسان بنانے اور سامان کی تیز تر ترسیل میں مدد ملے گی۔ ادارے کے قیام سے ڈیٹا کی بروقت پراسیسنگ اور معیاری خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی، ادارہ گورننگ کونسل اور سیکرٹریٹ پر مشتمل ہوگا۔

سینٹ سروسز ایکٹ کے تحت سینیٹ سیکرٹریٹ میں گریڈ 17 میں تقرری فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی۔ گریڈ ایک سے 16 میں تقرری کا مجاز سینیٹ سیکرٹریٹ ہوگا۔ ڈیپوٹیشن پر آنے والے افسران سینیٹ سیکرٹریٹ میں ضم نہ ہوسکیں گے، گریڈ 18 میں افسران کی براہ راست بھرتی ختم کردی گئی۔ صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت بل کی منظوری دی۔