کووڈ 19 بحران کے خلاف بھرپورحکمت عملی کے نتیجہ میں ایشیا بحرالکاہل کے بعض ممالک سرسبز اور خوشحال مستقبل کے خواب کو پورا کر سکتے ہیں، آئی ایم ایف

 
0
206

اسلام آباد 18 اپریل 2021 (ٹی این ایس): کووڈ 19 بحران کے خلاف بھرپور مزاحمت اور حکمت عملی کے نتیجہ میں ایشیا بحرالکاہل کے بعض ممالک سرسبز اور خوشحال مستقبل کے خواب کو پورا کر سکتے ہیں۔ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے اپنے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ ایشیا و بحرالکاہل کے بعض ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری اور تیسری لہر کے مسائل درپیش ہیں لیکن اس کے باوجود معاشی بحالی کا عمل بھی جاری ہے۔ تاہم علاقائی ممالک میں بعض چیلنجز بھی درپیش ہیں۔ کووڈ 19 کے عالمی بحران سے پوری دنیا متاثر ہوئی ہے اور ہر ملک اور معیشت پر اس کے اثرات مختلف رہے ہیں۔

ایشیا و بحرالکاہل سمیت دنیا کے کم آمدنی والے اور ترقی پذیر مماکل کو معاشی طور پر زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وبا کی وجہ سے کم آمدنی والے اور غیر روایتی شعبوں میں کام کرنے والے کارکنوں کے ساتھ ساتھ نوجوان طبقہ اور خواتین زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ ایشیا و بحرالکاہل کے ممالک کو معاشی بحالی کے ساتھ ساتھ عدم مساوات کے مسائل پر بھی قابو پانا ہوگا۔

عالمی ادارہ نے کہا کہ کم آمدنی والے اور ترقی پذیر ایشیائی و بحرالکاہل کے ممالک عالمی وبا پر قابو پا کر ترقی کے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کی اہلیت رکھتے ہیں تاہم اس حوالہ سے عدم مساوات کے مسائل کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے تاکہ یکساں ترقی کے مواقع ہر کسی کو دستیاب ہو سکیں۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے ایشیا و بحرالکاہل کے ترقی پذیر ممالک کے پالیسی سازوں پر زور دیا ہے کہ کم ، وسط اور طویل مدت کی پالیسیوں میں عدم مساوات کے خاتمہ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ سرسبز اور خوشحال مستقبل کے خواب کو حقیقت میں بدلا جاسکے۔