تحریک لبیک سے مذاکرات کا تیسرا راؤنڈ، وزیر داخلہ اور وزیر مذہبی امور شریک ہوں گے

 
0
4214

اسلام آباد 19 اپریل 2021 (ٹی این ایس): پاکستان میں حکام اور کالعدم تحریک لبیک کے عہدیداروں کے درمیان لاہور میں مذاکرات جاری ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پیر کی سہ پہر بتایا کہ ’کالعدم تحریک لبیک اور حکومت پنجاب کے درمیان مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ کچھ دیر پہلے اختتام پذیر ہوا، گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر قانون راجہ بشارت نے حکومت کی نمائندگی کی۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ مذاکرات کا تیسرا راؤنڈ رات کو دس بجے ہو گا جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مذہبی امور نور الحق قادری شریک ہوں گے۔
قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ ’حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کی بات چیت شروع ہو گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 11 ’یرغمال‘ پولیس اہلکار چھوڑ دیے ہیں۔ پہلا دور کافی بہتری سے مکمل ہوا ہے۔‘
شیخ رشید کا ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ ’تحریک لبیک پاکستان کے کارکن اب لاہور میں مسجد کے اندر چلے گئے ہیں اور پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی ہے۔ بات چیت کے دوسرے راؤنڈ میں باقی ماندہ معاملات بھی طے پا جائیں گے‘۔
خیال رہے کہ اتوار کی صبح لاہور میں کالعدم تنظیم کے کارکنوں اور پولیس میں جھڑپیں ہوئی تھیں۔