اسلام آباد 22 اپریل 2021 (ٹی این ایس): وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران کے صدر حسن روحانی اور دیگر حکام سے ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر سمیت باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی نے تہران میں صدر حسن روحانی، وزیر خارجہ جواد ظریف اور اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی۔
وزیرخاجہ نے ایرانی صدر کو پاکستانی قیادت کی جانب سے ایران کے عوام کےلیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور اپنے ملک کے لیے ان کے کردار کی تعریف کی۔
بیان کے مطابق انہوں نے حسن روحانی کے ساتھ باہمی تعلقات کے استحکام کے مختلف پہلووں، مشترکہ تاریخ، ثقافت اور زبان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیرخارجہ نے ایران کے ساتھ معاشی تعاون اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے مؤقف سے بھی آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے بارڈر مارکیٹ کے قیام میں تعاون پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا، جس سے سرحدی علاقوں کے عوام مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مند-پشین سرحدی پوائنٹ پر بین الاقوامی سرحد کھلنے سے آمد ورفت میں آسانی ہوگی اور باہمی تجارت میں بھی اضافہ ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر اور عوام کی مسلسل حمایت پر ان کا خاص کر سپریم لیڈر کا شکریہ ادا کیا اور بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا پر بات کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اعتقادات کے حوالے سے مشترکہ مؤقف کو سراہا۔
ترجمان دفترخارجہ کے بیان کے مطابق اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی نے کووڈ کے خلاف اقدامات کی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔
بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے بھی ملاقات کی۔
شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹر پر جواد ظریف سے ملاقات کے مناظر بھی شیئر کی اور کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ سے تجارت، سرحدی تعاون اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مل کر اسلاموفوبیا کے خلاف کام کریں گے۔
Called on President @HassanRouhani and happy to convey the best wishes of President @ArifAlvi and PM @ImranKhanPTI along with sharing Pakistan’s vision and commitment to deepen relations with Iran in trade, investment, connectivity and border management for mutual eco devpt. pic.twitter.com/fT98SxN530
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) April 21, 2021