گوادر پورٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، عاصم سلیم باجوہ

 
0
138

چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے گوادر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ پر ٹریفک بڑھ رہی ہے اور گوادر پورٹ کی 4 برتھیں آپریشنل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور پورٹ پرآسٹریلیا سے 24 ہزار ٹن کا جہاز لنگر اندا ز ہو گا۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ اب گوادر پورٹ فیز ٹو کی تیاری کر رہے ہیں اور گوادر پورٹ پر ترقیاتی کام تیزی سے ہو رہا ہے جبکہ سامان کی ترسیل کے لیے آن لائن بکنگ کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ ایک حقیقت ہے۔ گوادر میں چین کے تعاون سے اسپتال بن رہا ہے اور گوادر سٹی کا ماسٹر پلان بھی منظور ہو چکا ہے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ گوادر فری زون کے فیز ٹو پر کام جاری ہے جبکہ گوادر میں 3 سال کے دوران 12 ہزار ملازمتیں دی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے گوادر میں تعلیم کے حوالے سے زور دیا ہے اور تعمیرات کے حوالے سے بلڈرز سے بھی مشاورت کر رہے ہیں۔