طویل المدتی منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش بھی ہم سے آگے نکل گیا: وزیر اعظم

 
0
159

اسلام آباد 31 مئی 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں ملک میں طویل المدتی منصوبہ بندی کی کمی تھی۔وزیر اعظم عمران خان نے گرین یورو بانڈ کے باضابطہ اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورو بانڈ کی کامیابی پر ساری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پاکستان کی سب سے بڑی کمزور عملدرآمد کی ہے اور آج ہم وہ چیزیں کر رہے ہیں جو 50 سال پہلے کرنی چاہیے تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیمز سے متعلق پیش رفت خوش آئند ہے۔ بھاشا اور مہمند ڈیم پر کام کی تیزی پر خوشی ہوئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 1968 میں پاکستان کی معیشت بہترین تھی لیکن طویل المدتی منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش ہم سے آگے نکل گیا۔ ہم منصوبے شروع کر دیتے ہیں لیکن عمل سست روی کا شکار ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کرنا پڑتی ہے اور بدقسمتی سے ماضی میں ملک میں طویل المدتی منصوبہ بندی میں کمی تھی۔ بھارت بھی ہم سے آگے نکل گیا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم ملک میں ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ فراہم کر رہے ہیں اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار کے لیے 10 ڈیم بنا رہے ہیں۔ 2018 سے اب تک ایک ارب درخت لگائے جا چکے ہیں اور 2023 تک 10 ارب درخت ملک میں لگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہر آلودہ ہو چکے ہیں جس کی زندہ مثال لاہور ہے۔ نئے شہر بنانے سے ملکی دولت میں اضافہ ہو گا اور صنعتیں بحال ہوں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں آبادی بڑھ رہی ہے اور وسائل میں کمی ہو رہی ہے اسی لیے آبادی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم وسائل بڑھانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ پہلی بار ملک میں یکساں نظام تعلیم لا رہے ہیں۔