المرکز اسلامی کی مکمل بحالی تک جدو جہد جاری رہے گی ،جماعت اسلامی کا اعلان

 
0
676

کراچی جولائی 26 (ٹی این ایس ) جماعت اسلامی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کے ایم سی کے تحت قائم المرکز اسلامی فیڈرل بی ایریا بلاک 7کی سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اس کی اصل دینی اور اسلامی حیثیت میں مکمل بحالی تک جدو جہد جاری رہے گی اور اس سلسلے میں جمعرات 27جولائی کو شام 5:30بجے المرکز اسلامی کے سامنے احتجاجی دھر نا دیا جائے گا ۔احتجاجی دھر نے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنماء خطاب کریں گے ۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق المرکز اسلامی کی اصل دینی اور اسلامی حیثیت میں بحالی کی جانب پیش رفت کا خیر مقدم کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہ کام بہت پہلے ہو جانا چاہیئے تھا ،سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی 15دن کی مدت پوری ہو چکی ہے ۔اس میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ المرکز اسلامی کے اندر کلمہ طیبہ اور قرآن آیات کو مٹانے اور چھپانے کا عمل بہت بڑا جرم اور اللہ تعالی کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف تھا۔ضرورت اس بات کی ہے کہ بحالی کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے اور تمام غیر اخلاقی اور غیر قانونی اشیاء یہاں سے ہٹائی جائیں ۔اگر ایسا نہ کیا گیا اور فیصلے پر عمل درآمد میں تاخیری حربے استعمال کیے گئے تو یہ عدالت معزز عدالت کی حکم عدولی اور توہین عدالت کے مترادف ہو گا جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ حافظ نعیم الرحمن کی درخواست پر ازخود نوٹس کے بعد زیرِ سماعت مقدمے میں سپریم کورٹ نے 7جولائی کو المرکز اسلامی کے اندر قائم منی سینماء ہاؤس اور شادی ہال کو ختم کر کے اس کی سابقہ حیثیت میں بحال کر نے کا واضح حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں اس مرکز کو سینماء ہاؤس میں تبدیل کر نے اور تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کر نے کے عمل میں ملوث کے ایم سی کے افسران کے خلاف کاروائی کر نے، ان کا کیس نیب کے حوالے سے کر نے اور ٹھیکیدارکے خلاف بھی تادیبی کاروائی کرتے ہوئے 15دن کے اندر یہ کاروائی مکمل کر کے عدالتِ عظمیٰ میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھااور یہ مدت پوری ہوئے 4دن ہو چکے ہیں ۔