ڈچ سفیر کی چئرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ سے ملاقات

 
0
421

کراچی جولائی 26 (ٹی این ایس ) پاکستان میں ڈچ سفیر Ms Jeanngtte Seppenنے چئرپرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن سے  ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص نیدرلینڈ اور پاکستان کے مابین سرمایہ کاری کے مواقعوں اور کاروباری تعلقات بڑھانے کے امکانات پر غور کیا ۔اس موقع پرچےئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے کہا کہ نیدر لینڈ کی بڑی کمپنیاں پاکستان میں کام کررہی ہیں اور سندھ حکومت نیدرلینڈ کی چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے لئے حوصلہ افزائی کررہی ہے جس کے نتیجے میں حال ہی میں نیدرلینڈ فرائزین پیسچرائزڈ ایگ کمپنی نے بن قاسم میں اپنا پلانٹ لگایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ ڈچ کمپنیاں جوائنٹ وینچر کے تحت خوراک ،زراعت ،اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں ۔سندھ کے تاریخی وثقافتی ورثہ کے بارے میں بتاتے ہوئے چےئر پرسن نے کہا کہ سندھ میں سیاحت اور ہوٹل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں ۔ڈچ سفیر نے پاکستان بالخصوص سندھ کے ادبی وثقافتی اور تاریخی ورثے کو سرھاتے ہوئے کہا کہ اس عظیم ورثے کو فروغ دے کر پاکستان کا سافٹ امیج بہتر کیا جاسکتا ہے ۔ڈچ سفیر نے کہا کہ کاروباری قوانین اور قواعد وضوابط میں اچانک تبدیلیاں سرمایہ کاری پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں لہٰذا کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے قوانین کا مستقل رھنا نہایت ضروری ہے انہوں نے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔