مغرب میڈیا اور تہذیب و ثقافت کے ذریعہ نوجوانوں کو بے راہ روی کی طرف دھکیل کر مسلمانوں کا نظریاتی قتل کررہا ہے ، سیکریٹری اطلاعات جماعتِ اسلامی سندھ 

 
0
330

کراچی ،دسمبر 31 (ٹی این ایس): جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا ہے کہ مغرب اپنے زیر کنٹرول میڈیا اور تہذیب وثقافت کے ذریعے امت کے نوجوانوں کو بے راہ روی کی طرف دھکیل کر مسلمانوں کا نظریاتی قتل کررہا ہے،غیروں کی سازش کو ناکام اور امت کے فکر وفلسفہ کی حفاظت کیلئے آج کے نوجوانوں کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے زیر انتظام اسلامک ریسرچ اکیڈمی میں منعقدہ دوروزہ رائٹرز ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکشاپ میں دینی مدارس سے تعلق رکھنے والے اہل قلم شریک تھے۔اس موقع پر صوبائی منتظم مولانا جلال الدین منصوری، امین صوبہ عبدالرزاق منگریو نے بھی خطاب کیا۔ مجاہد چنا نے کہاکہ اللہ اور اسکے رسولؐ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق امت کے نوجوان کے سیرت وکردار کی تعمیر کے ساتھ اصلاح معاشرہ اور معاشرتی برائیوں کیخلاف قلمی جہاد نہ صرف وقت کی ضرورت بلکہ ہر داعی کا دینی فریضہ بھی ہے۔اقامت دین کیلئے دین دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانا اور رکاوٹوں کا خاتمہ کرنا امت کے نوجوانوں پر فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ دعوت حق کے غلبے کیلئے تحریر سے لیکر میڈیا کا ہر ذریعہ استعمال کرنا چاہئے، تاہم ملی، قومی اور اخلاقی اقدار کو خاطر ملحوظ ضرور رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مختصر وپراثر تحریر یا بروقت اور حالات حاضرہ پر مبنی خبر اپنی جگہ خود بناتی ہے۔جمعیت طلبہ عربیہ کے زیر اہتمام رائٹرز ورکشاپ ایک خوش آئندہ عمل ہے۔