کامسیٹس یونیورسٹی کی ٹیم نے آئی سی سی آئی میں اسلام آبا د ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام روڈ سیفٹی کوئز مقابلہ جیت لیا

 
0
363

   منظم ڈرائیونگ کا فروغ معاشی ترقی کے بہتر فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔ سردار یاسر الیاس خان
 ٹریفک پولیس شہرمیں محفوظ اور منظم ڈرائیونگ کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ قاضی جمیل الرحمٰن

اسلام آباد 14 جولائی 2021 (ٹی این ایس): نوجوانوں میں روڈ سیفٹی اقدامات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ ڈبلیو ایچ او کی روڈ سیفٹی کے بارے میں گلوبل سٹیٹس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سڑک حادثات کی وجہ سے تیس ہزار سے زائد اموات ہوتی ہیں لہذ یہ بہت حوصلہ افزا بات ہے کہ آئی جی اسلام آباد پولیس قاضی جمیل الرحمٰن کی متحرک قیادت میں اسلام آباد ٹریفک پولیس  نوجوانوں میں منظم ٹریفک کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کیلئے موثر کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظم ڈرائیونگ کا فروغ معاشی ترقی میں بھی معاون ثابت ہو گا۔  ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے چیمبر ہاؤس میں آئی سی سی آئی کے اشتراک سے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام منعقدہ روڈ سیفٹی کوئز مقابلے کے موقع پر کیا۔ اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل قاضی جمیل الرحمن تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان، ڈی جی سیف سٹی پراجیکٹ،  ایس ایس پی ٹریفک ڈویژن سید کرار حسین اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سردار یاسر الیاس خان نے آئی جی پولیس اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن کی خدمات کو سراہا کیونکہ وہ سیف سٹی منصوبے میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کرا کر اسلام آباد میں سیکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی بہتر کاوشوں کی وجہ سے اسلام آباد میں ٹریفک حادثات دوسرے شہروں کے مقابلے میں کافی کم ہیں جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہریوں میں منظم ٹریفک کو فروغ دینے کی کوششوں میں چیمبر اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔  

کوئز مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل قاضی جمیل الرحمن نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہر میں منظم اور محفوظ ڈرائیونگ کو فروغ دینے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور طلباء میں کوئز مقابلے کا انعقاد اس جانب ایک اور مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف اسلام آباد ٹریفک پولیس اور طلباء کے مابین قریبی روابط قائم ہوں گے بلکہ شہر میں منظم اور محفوظ درائیونگ کے کلچر کو فروغ ملے گا جس کے نتیجے میں ٹریفک حادثات میں مزید کمی واقع ہو گی۔ انہوں نے تاکید کی کہ طلباء سخت محنت کے ذریعے تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں اور شہر میں ٹریفک کے نظم و ضبط کو فروغ دینے میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء ون ویلنگ کرنے اور بلا ضرورت تیز گاڑی چلانے سے گریز کریں کیونکہ ایسا کرنے سے ٹریفک حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب پر قانون کا یکساں اطلاق آئی ٹی پی کی اہم ترجیح ہے اور ٹریفک کے بارے میں عمدہ منصوبہ بندی اور حکمت عملی نے دارالحکومت میں مہلک اور غیر مہلک ٹریفک حادثات کے تناسب کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

بحریہ یونیورسٹی، کامسیٹس یونیورسٹی اور پنجاب کالج کے طلبا مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں پہنچے۔ ان سے ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اقدامات اور ٹریفک سیگنلز سمیت دیگر سوالات پوچھے گئے۔ کامسیٹس یونیورسٹی کی ٹیم نے فائنل مقابلہ جیت لیا۔