ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کی ہدایت کے تحت شہر میں رفاہی اور فلاحی پلاٹوں پر قبضوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی

 
0
154

اسلام آباد 13 اگست 2021 (ٹی این ایس): اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ نے کہا ہے کہ ہم کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے ، انسداد تجاوزات مہم ایسے پلاٹوں کے خلاف ہے جن پر ناجائز قبضے ہوئے ہیں، ان کو خالی کر کے ہی دم لیں گے،ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کی ہدایت کے تحت شہر میں رفاہی اور فلاحی پلاٹوں پر قبضوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ایک سوال کے جواب پر اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ نے کہا اسلام آباد پاکستان کا سب سے اہم مرکز ہونے کے ساتھ ملک کی شہہ رگ کی حیثیت بھی رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس شہر میں رونما ہونے والے واقعات دیگر کے مقابلے میں زیادہ نمایاں ہوجاتے ہیں جس کی تازہ ترین مثال تجاوزات کے خاتمے کے حالیہ مہم کی ہے۔اس وقت پورے ملک میں ہر جگہ ناجائز قبضے، غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا عمل جاری ہے لیکن عوام کی اکثریت یا تو اس امر سے ناواقف ہے یا پھر انہیں اس معاملے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے تاہم اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف ہونے والی کارروائی کا شور پورے ملک میں سنا جارہا ہے۔اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں غیرقانونی تعمیرات، گراﺅنڈز اور پارکوں پر غیر قانونی قبضے، فلاحی پلاٹوں پر قائم شادی گھروں، اراضی پر قبضے کی کہانی نئی نہیں ہے۔ طاقتور قبضہ مافیا نے سونے جیسے اس شہر کو مال غنیمت سمجھتے ہوئے یہاں ہر طرح کی لوٹ مار کی، کچی آبادیوں میں غیر قانونی عمارتیں بھی بنالیں۔ اس بحث سے قطع نظر کہ جب یہ عمارتیں تعمیر ہورہی تھیں تو ذمہ داران کہاں تھے اور اب اگر وہ جاگے ہیں تو اس کی وجہ کیا ہے؟ واقعہ یہ ہے کہ سال گزشتہ میں ہی ان کچی آبادیوں کو مسمار کرنے کے لیے خصوصی سیل قائم گیا اور تا دم تحریر بتدریج ان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی اور سلسلے کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کرتے ہوئے ناجائز تجاوزات کو برداشت نہ کرنے اور کسی قسم کا دباﺅ قبول نہ کرنے کی بات بھی کی۔اُن کی جانب سے اکادکا کارروائیاں عمل میں آرہی تھیں تاہم جیسے ہی وفاقی حکومت کی جانب سے اشارہ ملا اور سپریم کورٹ نے احکامات جاری کئے سرکاری مشنری تیزی سے حرکت میں آگئی۔