امریکی اہلکاروں اور پاکستانی صحت حکام کی جانب سے عطیہ کردہ فائزر ٹیکے لگانے کے عمل کا مشاہدہ

 
0
150

اسلام آباد 22 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے نمائندوں نے پاکستان کے صحت حُکام کے ساتھ ایک مقامی ٹیکہ مرکز کا دورہ کیا اور حال ہی میں امریکہ کی طرف سے عطیہ کیے گئےتیرہ لاکھ زندگی بچانے والے فائزر ٹیکوں میں سے کچھ کے استعمال کا براہ راست مشاہدہ کیا۔ واضح رہے کہ اب تک امریکہ نے لگ بھگ ایک کروڑ اٹھاون لاکھ ٹیکے پاکستانیوں کو فراہم کیے ہیں۔اس موقع پر امریکی سفارتخانہ کے نمائندوں قائم مقام نائب مشن سربراہ رچرڈ اسنیلسائر اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے قائم مقام ڈائریکٹر مائیکل نہرباس نے عوامی ٹیکہ مرکز میں موجود پاکستان کے حفظان صحت کے کارکنوں اور متعدد شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ویکسین لگانے کے عمل کے بارے میں اُن کے تجربات اور ٹیکہ مہم کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی سفارتخانہ کے قائم مقام نائب سربراہ رچرڈ اسنیلسائر کا کہناتھا کہ امریکی حکومت کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لوگوں کا ساتھ دینے کا وعدہ نبھا رہی ہے۔ امریکہ کے بہترین ادویات ساز مراکز سے براہ راست ترسیل کردہ یہ انجکشن لگوا کر معمولات زندگی بحال کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کی حکومت اور حفظان صحت کارکنوں کے ساتھ شراکت پر فخر ہے ، جس کی وجہ سے یہ ٹیکے براہ راست پاکستان کے لوگوں تک پہنچ رہے ہیں۔