ملک ترقی کی راہ پر گامزن، سرمایہ کاری سے نئے صنعتی زون بن رہے ہیں،صدر عارف علوی

 
0
707

اسلام آباد 24 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور بیرونی سرمایہ کاری سے ملک میں نئے صنعتی زون بن رہے ہیں ،حکومت صنعتی انقلاب پر یقین رکھتی ہے،کورونا سے پوری دنیا متاثر ہوئی مگر پاکستان اس کو بڑی حد تک روکنے میں کامیاب رہا،دنیا کو اس وقت ابھرتے ہوئے نئے پاکستان کی ضرورت ہے جبکہ اقتصادی طور پر کسی بھی ملک کو تنہا نہیں کیا جا سکتا۔وہ جمعہ کے روز لاہور میں چینی سرمایہ کاری سے قائم چیلنج ٹیکسٹائل فیکٹری کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

چیلنج ٹیکسٹائل فیکٹری کی ایم ڈی کیرن چن اور پاکستانی تاجر قمر خان بوبی نے صدر مملکت کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پرصدر مملکت نے 150ملین ڈالر سے شروع ہونے والے چیلنج ٹیکسٹائل پارک کا بھی افتتاح کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کو چیلنج ٹیکسٹائل جیسی سرمایہ کاری کی مزید ضرورت ہے،پاکستان ایک محفوظ ملک ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ دیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی پر ہمیں فخر ہے اورچینی سرمایہ کاری سے ملک صنعتی انقلاب کی طرف جا رہا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ کورونا کی حالیہ وبا سے پوری دنیا متاثر ہوئی مگر پاکستان اس کو بڑی حد تک روکنے میں کامیاب رہا جبکہ اس کے خلاف ویکسین تیار کرنے والے ممالک میں شامل ہو چکے ہیں۔

مائیکروفنانس اور کوویڈ ۔ 19کو کنٹرول کرنے میں کامیابی حکومتی کامیابیوں کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی طور پر کسی بھی ملک کو تنہا نہیں کیا جا سکتا اور دنیا کو اس وقت پاکستان کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ یہاں آئیں سرمایہ کاری کریں اور دنیا کو مثبت پیغام دیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی مسائل کے حل کے لیے تیز ترین رابطوں کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا اس وقت بہت تیز ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک میں سپیشل اکنامک زون قائم کئے جارہے ہیں، اکنامک زونزلگنے سے نہ صرف نئی انڈسٹری لگے گی بلکہ لوگوں کو وسیع پیمانے پر روزگار بھی ملے گااور انشااللہ آنے والے دن پاکستان کے لیے اچھے ہوں گے ۔